"بھارتی وزیراعظم ہاؤس پر ہمارے ڈرون گھومتے رہے، بھارت خوف زدہ ہو کر جنگ سے بھاگا”؛ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا انکشاف
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ‘معرکہ حق’ میں اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کے باعث پاکستان کو تاریخی کامیابی ملی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ جنگ کے دوران پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم ہاؤس کے اوپر گھومتے رہے، جس نے بھارتی قیادت کو شدید خوف میں مبتلا کر دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمارے خلاف سائبر حملوں اور ڈرونز کے استعمال کی ناکام کوشش کی، لیکن ہمارے رینجرز نے بارڈر پر ہی ان کے ڈرونز تباہ کر دیے، جبکہ سائبر میدان میں بھارت ہمارے قریب بھی نہ آ سکا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارت کا سب سے بڑا آئل ڈیپو تباہ کیا اور دشمن کی بحری و فضائی تنصیبات ہمارے نشانے پر تھیں، یہی وجہ تھی کہ بھارت نے سفید جھنڈے لہرائے اور جنگ بندی کے لیے بھاگ دوڑ شروع کر دی۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دوران کلیدی کردار ادا کیا اور بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر بھارت کو کسی کا شکر گزار ہونا چاہیے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنہوں نے ان کی جان چھڑوائی”۔
انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمن کی ہر نقل و حرکت کی ایسی تفصیل مل رہی تھی جیسے وہ ہمارا اپنا ملک ہو۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت پر یقین رکھیں، امریکہ ایران کشیدگی کے خاتمے میں بھی ان کی کوششیں رنگ لائیں گی۔

