بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل آمیز شکست دی، سری نگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو سبق سکھایا؛ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ ‘معرکہ حق’ میں پاک فضائیہ نے دشمن کو سری نگر سے بھٹنڈا تک وہ سبق سکھایا جو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، جس پر پاکستان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی، لیکن بھارت نے اس کے باوجود جارحیت کا راستہ چنا جس کا پاک فضائیہ نے منہ توڑ جواب دیا۔
ائیر چیف نے انکشاف کیا کہ معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کے نام نہاد ناقابلِ تسخیر ‘ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم’ کو لمحوں میں تباہ کر دیا اور دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ دشمن کی تمام اہم تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں اور ریکارڈ ٹائم میں دشمن کو دندان شکن شکست دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معرکے میں پاکستان کے ‘سائبر شاہینوں’ نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو تہس نہس کر دیا، جبکہ الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں بھارتی فضائیہ کو عبرتناک اور تذلیل سے بھرپور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ ‘آپریشن بنیان مرصوص’ میں پاکستان نے اپنی بہترین ڈرون صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے ان کامیابیوں کا سہرا قومی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمتِ عملی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے اور ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔
تقریب میں معرکہ حق کے ہیروز اور جوانوں کے جذبے کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

