معرکہ حق: پاک فضائیہ نے بھارت کے 4 رافیل سمیت 8 طیارے مار گرائے، اسکور ‘آٹھ صفر’ ہو گیا؛ ایئر وائس مارشل طارق غازی
پاک فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (پروجیکٹس) ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے انکشاف کیا ہے کہ ‘آپریشن بنیان المرصوص’ اور ‘معرکہ حق’ کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کی فضائی برتری کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے بھارت کے 8 جنگی طیارے مار گرائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تباہ کیے گئے طیاروں میں بھارت کے جدید ترین 4 رافیل، ایک ایس یو 30 (SU-30)، ایک مگ 29 (Mig-29) اور ایک میراج 2000 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک انتہائی مہنگا کثیرالجہتی خودکار ایئر سسٹم اور ایک بغیر پائلٹ طیارہ (ڈرون) بھی تباہ کیا گیا۔
ایئر وائس مارشل طارق غازی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی کامیابی کے بعد اب ہمارا اسکور ‘8-0’ ہو چکا ہے اور بھارت آج تک یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر اس کے ساتھ ہوا کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ دشمن کے ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کو مسلسل مانیٹر کر رہی تھی اور سرحدوں پر ایسا مضبوط دفاعی حصار قائم کیا گیا تھا کہ دشمن فضائی حدود کے قریب بھٹکنے کی جرات بھی نہ کر سکا۔
ایئر وائس مارشل کے مطابق، سائبر فورس نے دشمن کے کمیونیکیشن سسٹم کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا تھا جس کی وجہ سے بھارت کو اپنی فورسز کو ری الائن کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن ہو یا جنگ، پاک فضائیہ ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے شاہین ہمہ وقت تیار اور پر عزم ہیں۔ پاک فضائیہ نے پہلی بار ملٹی ڈومین آپریشنز کو مربوط انداز میں انجام دے کر اپنی پیشہ ورانہ برتری ثابت کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو اس حد تک لاچار کر دیا تھا کہ وہ اپنی دفاعی پوزیشن بچانے کے لیے تگ و دو کرتا رہا۔ یہ کامیابی پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہے۔

