کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام ‘معرکہ حق’ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل دشمن اس غلط فہمی میں تھا کہ وہ پاکستان کو توڑ یا ہرا سکتا ہے، لیکن مسلح افواج نے جرات اور وقار کے ساتھ دفاع کر کے ثابت کیا کہ یہ فتح صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ قومی عزم و حوصلے کی جیت تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ شمال کے پہاڑوں سے بحیرہ عرب کے ساحلوں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی اور یہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔
بلاول بھٹو نے سفارتکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی محاذ پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن سے نہیں ڈرتا بلکہ باہمی عزت و احترام پر مبنی امن کا خواہاں ہے، تاہم ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں بھارت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل جب بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو چند ہی گھنٹوں میں اسے جواب مل گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر عوام اتنے پرعزم تھے کہ دیہات میں عام لوگ ڈرونز گرا رہے تھے۔ مراد علی شاہ نے پاک بحریہ کی چوکسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے برعکس ہماری نیوی دشمن کی ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس دن کو قوم کے لیے عید سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی ایٹمی پروگرام اور بینظیر بھٹو کی میزائل ٹیکنالوجی کے حوالے سے خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ضرورت کے تحت دفاع کیا ہے اور وہ اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔

