اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ تبدیل؛ 3 ججز کے تبادلے کے بعد جسٹس سردار اعجاز اسحاق سینیئر ترین جج بن گئے
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین اہم ججز کے دیگر ہائیکورٹس میں تبادلے کے بعد عدالت کی سنیارٹی لسٹ میں بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی کے تبادلے کے بعد اب جسٹس سردار اعجاز اسحاق چیف جسٹس کے بعد ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج بن گئے ہیں۔
عدالتی انتظامیہ نے ججز کی نئی ترتیب کے مطابق آئندہ ہفتے کے لیے نیا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے تحت 4 مئی سے 7 سنگل بینچ اور 4 ڈویژن بینچ مقدمات کی سماعت کریں گے، جو تا حکمِ ثانی برقرار رہے گا۔
نئے روسٹر کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ایک خصوصی ٹیکس ڈویژن بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ دوسری جانب جسٹس محمد آصف کو چیف جسٹس اور دیگر ججز کے ساتھ مختلف ڈویژن بینچز کا حصہ بنایا گیا ہے جہاں وہ کرمنل اور دیگر کیسز سنیں گے۔
تشکیل دیے گئے ڈویژن بینچز کی تفصیلات کے مطابق پہلا بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ہوگا۔ دوسرا بینچ جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر، تیسرا جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف جبکہ چوتھا بینچ جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں وزارتِ قانون و انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ججز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس کے تحت جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ہائیکورٹ، جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو سندھ ہائیکورٹ منتقل کیا گیا ہے۔

