"پاکستان کا سچ عالمی سطح پر روشن حقیقت بن کر ابھرا”؛ پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر بھارت کو سفارتی محاذ پر عبرتناک شکست، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ‘معرکہ حق’ میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کر دی ہے اور اب پاکستانی قوم اپنی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران پہلگام واقعے پر پاکستان کا جو دوٹوک مؤقف پیش کیا تھا، وہ عالمی سفارتی محاذ پر ایک اہم ‘ٹرننگ پوائنٹ’ ثابت ہوا۔
پاکستان نے نہ صرف بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مؤثر جواب دیا بلکہ شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کر کے نئی دہلی کو عالمی سطح پر ‘بیک فٹ’ پر جانے پر مجبور کر دیا۔
عطا تارڑ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اور بھارت میں واضح فرق یہ ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں اور 600 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا، جبکہ بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ‘فتنہ الہندوستان’ (بی ایل اے) اور ‘فتنہ الخوارج’ (ٹی ٹی پی) جیسے گروہوں کے تانے بانے براہِ راست بھارت سے ملتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ "پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے” اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے افواجِ پاکستان کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جرات مندانہ مؤقف کی بدولت اوورسیز پاکستانیوں کا مورال بلند ہوا ہے اور عالمی برادری نے بھی پاکستان کے سچ کو تسلیم کیا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت اب سفارتی، بیانیہ اور عسکری تمام محاذوں پر شکست خوردہ ہے اور کاکول میں وزیراعظم کا خطاب ملکی تاریخ میں دفاعِ وطن کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

