اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے اپنے اہم خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔
وزیراعظم کے اعلان کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے سے کم ہو کر 385.54 روپے جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 366.58 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد انہیں یہ تجویز دی گئی تھی کہ اس کا کچھ حصہ حکومتی اخراجات یا گزشتہ 129 ارب روپے کے نقصان کو پورا کرنے کے لیے رکھا جائے، تاہم انہوں نے عوامی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کر دیا اور تمام ریلیف براہِ راست عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ موٹر سائیکل، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے دی جانے والی سبسڈی بدستور جاری رہے گی تاکہ عام آدمی پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 17 روپے 33 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 450.15 روپے ہو گئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل 25.31 روپے کی کمی کے بعد 369.72 روپے کا ملے گا۔
وزیراعظم نے کسانوں کے لیے لاگت کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ عوام رہے ہیں اور مشکل حالات کے باوجود حکومت نے انہیں تنہا نہیں چھوڑا ہے۔
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر پیٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ایک ہفتے کے لیے کیا گیا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

