وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، خطے میں پائیدار امن کے لیے ثالثی جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار اور فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ کشیدگی میں آنے والی کمی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ طے شدہ جنگ بندی کو برقرار رکھیں اور مستقل امن کی خاطر تحمل کا مظاہرہ جاری رکھیں۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے تمام اطراف کی جانب سے دکھائے گئے صبر و تحمل کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فریقین کے درمیان پرامن اور باہمی مذاکرات کے ذریعے کسی بھی تنازع کے حل کے لیے ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امن عمل میں شامل تمام فریقین کے عزم کی تعریف کی اور پائیدار نتائج کے حصول کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ مذاکرات کے لیے آنے والے بین الاقوامی وفود کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت کا اعادہ کیا ہے اور انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کا ایک غیر جانبدار اور بااعتماد ثالث کے طور پر ابھرنا عالمی سطح پر ملک کے بڑھتے ہوئے وقار کی علامت ہے اور اس تاریخی موقع کو خطے کے وسیع تر مفاد میں استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں امریکہ اور ایران دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی پر اتفاق کر چکے ہیں، جس کے بعد اب اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے۔
ہفتے کے روز ہونے والے ان تاریخی مذاکرات کے لیے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچے گا، جبکہ ایران کی جانب سے بھی ایک بااختیار وفد کی آمد متوقع ہے۔
ماہرینِ خارجہ امور کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی یہ ملاقات اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت امن کے اس مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ایک ہی صفحے پر ہے اور عالمی سطح پر ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

