پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ 11 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم موسم بہتر ہوتے ہی میچ کا آغاز ہو گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 156 رنز اسکور کیے۔ راولپنڈیز کی جانب سے کامران غلام 39 گیندوں پر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ڈیان فورسٹر نے 19 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں عبداللہ فضل نے 23 اور ڈیرل مچل نے 19 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد رضوان صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن، فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف صرف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نوجوان بلے باز سمیر منہاس نے میچ وننگ اننگز کھیلی اور صرف 36 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حیدر علی 26 اور مارک چیمپمین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد فائق نے 19 اور ڈیون کونوے نے 6 رنز کا حصہ ڈالا۔

راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر، جلات خان اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو مسلسل تیسری شکست سے نہ بچا سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس جیت کے ساتھ ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی سمیٹ لی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کراچی کنگز اپنے تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں 2 کامیابیوں کے ساتھ 5 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے، اسلام آباد کا ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔