عوام کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، عوام کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور طبقے کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی رقم کی ادائیگی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے شفاف انداز میں فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر نظام کے تحت بسوں، ویگنوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع ہو چکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کفایت شعاری اور سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم عوام پر خرچ کرے گی تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں، جبکہ عوامی ریلیف کے اقدامات پر پیش رفت جاری ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت موجودہ معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔