پی ایس ایل 11 کا آفیشل ترانہ جاری، عاطف اسلم سمیت معروف گلوکاروں کی آواز شامل

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ جاری کر دیا گیا، جس نے شائقینِ کرکٹ میں نیا جوش و جذبہ بھر دیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا یہ نغمہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے جبکہ اس میں معروف گلوکارہ آئمہ بیگ، صابری سسٹرز اور دانیا کنول نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ اس گانے کی تھیم ’’کھیلیں گے بیٹ پہ‘‘ رکھی گئی ہے، جو کرکٹ کے جذبے اور مقابلے کی روح کو اجاگر کرتی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا استقبال کیا، جہاں پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور ٹورنامنٹ 3 مئی تک جاری رہے گا، جس کے تمام میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔