پی ایس ایل11: محسن نقوی کی ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں رنگا رنگ تقریب، ٹرافی اور ترانے کی رونمائی

لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ 11 میں شرکت کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی اور ترانے کا باضابطہ اجرا بھی کیا گیا۔

تقریب کے دوران محسن نقوی نے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود انداز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دینی ہوتی ہے اور انہیں یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں بہتر نتائج کا باعث بنے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک عالمی سطح کا برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید ترقی دینا ہمارا ہدف ہے۔

تقریب میں پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان، ٹیموں کے کپتان، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ سمیت متعدد غیر ملکی کرکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر شریک غیر ملکی کھلاڑیوں میں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین اور دیگر نمایاں نام شامل تھے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزراء اور دیگر اہم سیاسی شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں، جن میں محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، مریم اورنگزیب اور دیگر شامل تھے۔