آئی سی سی نے صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے بیٹر صاحبزادہ فرحان کو فروری میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنی غیرمعمولی بیٹنگ سے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔

صاحبزادہ فرحان نے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران 6 اننگز میں مجموعی طور پر 383 رنز اسکور کیے، جس میں 2 شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں، اور اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس کامیابی پر صاحبزادہ فرحان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کرکٹ کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑی کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ انداز کا نتیجہ ہے۔

محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ صاحبزادہ فرحان مستقبل میں بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

واضح رہے کہ اس ایوارڈ کے لیے انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکا کے شیڈلے وین شیلوک بھی نامزد تھے، تاہم بہترین کارکردگی کے باعث یہ اعزاز پاکستانی بیٹر کے نام رہا۔