پی ایس ایل 11 شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع، میچز بغیر شائقین کے لاہور اور کراچی میں ہوں گے

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 11 شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی تاہم تمام میچز بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر لیگ کے انعقاد سے متعلق مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا کیونکہ مستقبل میں کوئی موزوں ونڈو دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی برانڈ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہوتے ہیں، اس لیے اس کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق تمام میچز صرف دو شہروں لاہور اور کراچی میں کرائے جائیں گے تاکہ ٹیموں کی آمد و رفت کو کم سے کم رکھا جا سکے، جبکہ افتتاحی تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور جن افراد نے ٹکٹس خرید رکھے ہیں انہیں رقم واپس کر دی جائے گی، جبکہ فرنچائزز کو گیٹ منی پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالات معمول پر آنے کی صورت میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم فی الحال یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔