عیدالفطر پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کرم کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عید منائی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر ضلع کرم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجیوں اور افسران کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

نماز کے بعد ملک کے پائیدار استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ فیلڈ مارشل نے جوانوں اور افسران کو عید کی مبارکباد بھی پیش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فوجیوں کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ان کے جذبے پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے آپریشن “غضب للحق” کے دوران پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گردوں کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور افغان سرزمین کو کسی صورت پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جوانوں کے عزم اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے ان کا حوصلہ بھی بڑھایا۔