پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین نے مارنس لبوشین کو کپتان مقرر کر دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے نئی فرنچائز حیدرآباد کنگز مین نے آسٹریلیا کے اسٹار کرکٹر مارنس لبوشین کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

فرنچائز کی جانب سے اس اہم تقرری کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا، جہاں ایک مختصر ویڈیو میں منفرد انداز اپناتے ہوئے نجی طیارے کے ذریعے شہر حیدرآباد کی فضاؤں میں پرچیاں گرائی گئیں جن پر لبوشین کی کپتانی کا اعلان درج تھا۔

مارنس لبوشین کو پی ایس ایل 11 کے تاریخی پلیئرز ڈرافٹ سے قبل براہ راست سائننگ کے ذریعے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم معاہدے کی مالی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

واضح رہے کہ لبوشین ایونٹ میں کپتانی کرنے والے تیسرے آسٹریلوی کھلاڑی ہوں گے، اس سے قبل کراچی کنگز کی قیادت ڈیوڈ وارنر جبکہ ملتان سلطانز کی قیادت اسٹیو اسمتھ کو سونپی جا چکی ہے۔

پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ حیدرآباد کنگز مین اپنی مہم کا آغاز 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف افتتاحی میچ سے کرے گی۔

دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہو چکی ہے، جہاں ابتدائی طور پر زیادہ رش کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔