ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے 11ویں ایڈیشن کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کل سے شروع ہوگی جبکہ شائقین کرکٹ نجی کورئیر کمپنی کی ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ بک کرا سکیں گے۔
پی ایس ایل 11 کی تاریخ میں پہلی بار 8 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لیں گی اور ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا آغاز 26 مارچ کو لاہور میں ہوگا جہاں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ حیدرآباد کنگزمین سے ہوگا۔
اس بار میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں کھیلے جائیں گے جبکہ فیصل آباد اور پشاور پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔ 39 دن تک جاری رہنے والے ایونٹ کا فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے سے شروع ہوں گے جبکہ فیصل آباد میں جنرل ٹکٹ 300 روپے سے دستیاب ہوگا۔ اسی طرح ملتان اور راولپنڈی میں جنرل ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدنے کی اجازت ہوگی جبکہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں 28 مارچ کو پشاور زلمی اور پنڈیز کے میچ کے لیے خصوصی فیملی انکلوژر مختص کیا گیا ہے۔
وی آئی پی فیملی زون کے ٹکٹس 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکس کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ اس کے علاوہ تمام اسٹیڈیمز میں مختلف گیلریوں کے ٹکٹس بھی فروخت کیے جائیں گے۔
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے تاکہ شائقین کرکٹ آسانی سے ٹکٹ حاصل کر سکیں۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے ٹکٹس کی فروخت نئے دور کا آغاز ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین اسٹیڈیم آ کر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔

