سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، وہ طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے رہے اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
اپنے پیغام میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے کہا کہ 2006 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنا اور 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح حاصل کرنا ان کے کیریئر کے یادگار ترین لمحات ہیں۔
سابق کپتان نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تینوں فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور ایک متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملنے والا اعتماد اور حمایت وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
اپنے کیریئر میں سرفراز احمد نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی20 میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 6164 رنز اسکور کیے۔ بطور وکٹ کیپر انہوں نے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز بھی کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی اور ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک بھی پہنچا۔
وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔ حکومت پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

