ٹی20 ورلڈکپ 2026: پاکستان کی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا

کولمبو: گرین شرٹس کی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے یا باہر ہونے کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے جب گروپ 2 کے اہم میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آر پریماداسا اسٹیڈیم کولمبو میں شام 6:30 پر مدمقابل آئیں گی۔

انگلینڈ پہلے ہی 4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر چکا ہے اور گروپ میں سرفہرست پوزیشن مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے اور کامیابی اسے سیمی فائنل کے مزید قریب لے جائے گی۔

پاکستان کی امیدیں انگلینڈ کی فتح سے وابستہ ہیں۔ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان کے لیے راستہ کھلا رہے گا، تاہم نیوزی لینڈ کی کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں تقریباً ختم ہو جائیں گی اور سری لنکا کے خلاف آخری گروپ میچ رسمی کارروائی بن جائے گا۔

واضح رہے کہ صرف نیوزی لینڈ کی شکست کافی نہیں ہوگی، پاکستان کو سری لنکا کے خلاف مخصوص مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہو سکے اور وہ نیوزی لینڈ سے آگے نکل سکے۔

خیال رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث متاثر ہوا تھا جس کے بعد پوائنٹس تقسیم ہوئے اور قومی ٹیم کی صورتحال پیچیدہ ہو گئی۔

گزشتہ روز پاکستانی کھلاڑیوں نے آرام کیا جبکہ آج اہم میچ سے قبل بھرپور پریکٹس سیشن ہوگا۔