ٹی20 ورلڈ کپ سپر 8: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ

کولمبو میں کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

ایونٹ کے 41ویں میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ شروع ہی نہ ہو سکا اور ایک بھی گیند نہیں کرائی جا سکی۔

امپائرز نے طویل انتظار کے بعد میچ کو واش آؤٹ قرار دے دیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سپر 8 مرحلے میں پاکستان اپنا دوسرا میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، جبکہ اسی مرحلے کے دیگر مقابلوں میں سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ پالیکیلے جبکہ بھارت اور جنوبی افریقا کا ٹاکرا احمد آباد میں شیڈول ہے۔