ٹی20 ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ: زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی

زمبابوے نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

کولمبو میں واقع آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

اوپنرز نے 61 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا جبکہ برائن بینیٹ نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا، ان کے ساتھ ریان برل نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ کپتان سکندر رضا 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی؛ میتھیو رینشا کے 65 اور گلین میکسویل کے 31 رنز کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا جبکہ کپتان ٹریوس ہیڈ 17 رنز بنا سکے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹی20 عالمی کپ میں اپنی ٹیم کے بہترین بولنگ فیگر کا ریکارڈ قائم کیا، ساتھ ہی انہوں نے اپنی 100ویں ٹی20 انٹرنیشنل وکٹ بھی مکمل کی۔

یہ فتح کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی آسٹریلیا کے خلاف عالمی کپ تاریخ کی دوسری کامیابی ہے؛ اس سے قبل 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں بھی زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی، یوں 2026 ایونٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ رقم ہوگیا۔