پاکستان نے پہلے ٹی20 میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کرلی

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا نے 39 اور بابر اعظم نے 24 رنز اسکور کیے، محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ زیویئر بارٹلیٹ اور ماہل بیئرڈمین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم دباؤ میں رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی، کیمرون گرین نے 36 اور بارٹلیٹ نے 34 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک شکار کیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی قیادت ٹریوس ہیڈ نے کی اور ٹیم میں ماہل بیئرڈمین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے ڈیبیو کیا، جبکہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔