صدر ٹرمپ کا ایرانی عوام کو پیغام، ’’احتجاج جاری رکھیں، مدد پہنچ رہی ہے‘‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں ایرانی عوام کو براہِ راست پیغام دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے اور ریاستی اداروں کا کنٹرول سنبھالنے کی اپیل کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے محبِ وطن لوگ احتجاج جاری رکھیں، قاتلوں اور ظلم کرنے والوں کے نام محفوظ رکھیں کیونکہ انہیں اپنے اقدامات کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، جبکہ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مظاہرین کے قتلِ عام کے خاتمے تک ایرانی حکام کے ساتھ تمام ملاقاتیں اور مذاکرات منسوخ کر دیے گئے ہیں اور ’’مدد پہنچ رہی ہے‘‘۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران میں 28 دسمبر سے شروع ہونے والے ملک گیر احتجاج شدت اختیار کر چکے ہیں، ہلاکتوں سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ ایرانی حکام نے بدامنی کا الزام امریکا اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے بیرونی مداخلت کے شواہد کا دعویٰ کیا ہے، تاہم تاحال اس معاملے پر بین الاقوامی سطح پر شدید سفارتی کشیدگی برقرار ہے۔