امریکی جارحیت کی صورت میں اسرائیل اور امریکی اڈے نشانہ بنیں گے، ایران کی ٹرمپ کو کھلی وارننگ

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا تو جوابی کارروائی میں اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو جائز اہداف کے طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران میں حالیہ بدامنی کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کا کردار ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران میں جاری مظاہروں اور ممکنہ امریکی مداخلت کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ممکنہ امریکی اقدام کے خدشے پر اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی مظاہرین کی حمایت اور مداخلت سے متعلق بیانات نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔