اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونِ ملک سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے دسمبر 2025 کے دوران 3.58 سے 3.6 ارب امریکی ڈالر وطن بھیجے۔
مرکزی بینک کے مطابق، دسمبر میں ترسیلات زر میں سال بہ سال بنیاد پر 16.5 فیصد جبکہ ماہ بہ ماہ بنیاد پر 12.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں جہاں مقیم پاکستانیوں نے دسمبر میں 81 کروڑ سے زائد ڈالر پاکستان بھیجے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 72 کروڑ، برطانیہ سے تقریباً 56 کروڑ، امریکا سے 30 کروڑ اور یورپی ممالک سے مجموعی طور پر 49 کروڑ ڈالر وطن منتقل کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 40.18 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جن میں جنوری 2025 کم ترین مہینہ رہا جب 3 ارب ڈالر آئے، جبکہ مارچ 2025 میں سال کی بلند ترین ترسیلات 4.05 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں اوسط ماہانہ ورکرز ترسیلات زر 3.34 ارب ڈالر رہیں۔
مزید برآں، مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی ترسیلات زر 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں، جب کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 17.8 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
