پاک فضائیہ اور بنگلہ دیش ایئر فورس کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط، جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری پر بات چیت

بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی، آپریشنل اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری، بنگلہ دیش کے لڑاکا فضائی بیڑے کی دیکھ بھال و مرمت، ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کو ایئر سرویلیئنس نظام سے منسلک کرنے اور فضائی نگرانی کو بہتر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلہ دیش ایئر فورس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی جلد فراہمی، جامع تربیتی فریم ورک اور طویل المدتی معاون نظام کی فراہمی کا وعدہ کیا۔

ملاقات کے دوران ایرو اسپیس، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر، آئی ایس آر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ بنگلہ دیشی وفد کو پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔

بنگلہ دیشی ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے شاندار حربی ریکارڈ اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے مستقبل میں قریبی شراکت داری کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔