لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ: 4 پولیس اہلکار شہید، وزیراعلیٰ کی شدید مذمت

لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق، سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ شہید اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دی گئیں۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب، بنوں کے علاقے منڈان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل رشید خان شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق، رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے تھانا منڈان جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سواروں نے انہیں نشانہ بنایا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بنوں ریجن میں چند گھنٹوں کے دوران چار پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعات پیش آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت اور بنوں میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر شدید مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہی ہے، ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، صوبائی حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔