پاک بھارت کشیدگی کے باوجود ڈھاکا میں غیر متوقع لمحہ، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا مصافحہ
ڈھاکا: پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی کے ماحول کے باوجود ایک غیر متوقع سفارتی منظر اس وقت سامنے آیا جب بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ بھی کیا۔
یہ ملاقات بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ کے موقع پر ہوئی جہاں دونوں رہنما موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر سردار ایاز صادق کے پاس آئے، دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا اور چند منٹ کی غیر رسمی گفتگو میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی گئی۔
سیاسی و سفارتی حلقوں میں اس ملاقات کو حیران کن اور غیر معمولی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد یہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔
یاد رہے کہ جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و سفارتی روابط تقریباً معطل ہیں اور سخت بیانات کا تبادلہ جاری رہا ہے۔
اس پس منظر میں ڈھاکا میں ہونے والا یہ مختصر مگر علامتی مصافحہ خطے کی سفارتی فضا میں ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

