لاہور: جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے ایک بار پھر خطے میں کشیدگی بڑھانے والا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی سرحد کے قریب واقع بھارتی ریاست گجرات میں بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے اس سلسلے میں نوٹس ٹو ایئر مین (NOTAM) جاری کرتے ہوئے 20 جنوری سے 21 جنوری تک مخصوص فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بند کر کے مشقوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ مشقیں گجرات کے حساس علاقے کچھ (Kutch) میں ہوں گی جن میں رافیل، سخوئی 30 ایم کے آئی، جیگوار سمیت دیگر فرنٹ لائن لڑاکا طیارے حصہ لیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشقوں کے دوران تیز رفتار پروازیں، فضائی لڑائی کی تربیت اور ممکنہ طور پر لائیو فائرنگ یا بمباری کی مشقیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، محدود فضائی زون پاکستان کے ساتھ بھارت کی جنوبی سرحد کے حساس علاقوں پر محیط ہے جس میں بحیرہ عرب، سر کریک، راجکوٹ اور احمد آباد کے قریبی علاقے شامل ہیں۔
دفاعی و علاقائی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات خطے میں پہلے سے موجود تناؤ کو مزید بڑھا سکتے ہیں، تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے تاحال اس اعلان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

