بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ادا، عالمی شخصیات کی شرکت

ڈھاکا: بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور دو مرتبہ ملک کی قیادت کرنے والی خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا مانک ایونیو میں ادا کر دی گئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، سرکاری شخصیات، سفارتی نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس بھی موجود تھے جبکہ حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سردار ایاز صادق نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور اظہارِ ہمدردی کیا۔

خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خالدہ ضیا دو روز قبل ڈھاکا کے ایک اسپتال میں 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں تھیں، وہ 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم رہیں، ان کے انتقال پر ملک میں سوگ منایا گیا اور بنگلادیش پریمیئر لیگ سمیت مختلف سرگرمیاں ملتوی کر دی گئیں۔