یمن میں تشدد میں اضافے پر پاکستان کا اظہارِ تشویش، اتحاد و علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد: پاکستان نے یمن میں دوبارہ تشدد بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، پاکستان یمن میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید کشیدہ کریں، امن کوششوں کو نقصان پہنچائیں اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب کی سکیورٹی پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے زور دیا کہ یمن مسئلے کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری پر مبنی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے اور امید ظاہر کی کہ یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر ایک جامع اور دیرپا حل کی جانب پیش قدمی کریں گی، کیونکہ یمن میں پائیدار تصفیہ خطے کے استحکام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔