انقرہ کے قریب طیارہ حادثہ: لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد احمد الحداد جاں بحق

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب ایک افسوسناک طیارہ حادثے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد احمد الحداد سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

طیارہ انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے روانہ ہوا تھا کہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی اور برقی خرابی کا شکار ہوگیا۔

ترک حکام کے مطابق، طیارے نے پرواز کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی، تاہم واپسی کے دوران رابطہ منقطع ہوگیا اور لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

ترک صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے بتایا کہ طیارے میں برقی نظام کی خرابی پیدا ہوئی تھی، جبکہ وزیر انصاف یلماز طنج کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انقرہ کے پراسیکیوٹر جنرل آفس نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

فلائٹ ریڈار کے اعداد و شمار کے مطابق، پرواز نے ابتدا میں بلندی حاصل کی مگر اچانک اونچائی میں تیز کمی آئی اور طیارہ 16 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہوگیا، جب کہ حادثے کے مقام کے قریب دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

واقعے کے بعد ترکیہ نے عارضی طور پر فضائی حدود بند کر دیں اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

لیبیا کے عبوری وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے جنرل محمد احمد الحداد کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دیگر اعلیٰ فوجی و سرکاری حکام بھی جاں بحق ہوئے، جن میں لیفٹیننٹ جنرل الفیتوری غریبیل، بریگیڈیئر محمود القطيوی، محمد العصاوی دیاب اور میڈیا آفس کے فوٹوگرافر محمد عمر احمد محجوب شامل ہیں۔

لیبیا کی وزارت دفاع کا ایک وفد حادثے کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کو انقرہ پہنچے گا، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کی تاحال سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی۔