3 ہزار ڈالر لو اور نکل جاؤ امریکا سے، ٹرمپ کی غیر قانونی تارکین وطن کو پیشکش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے پر مالی مراعات دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق، جو غیر قانونی تارکین وطن سال کے اختتام تک خود ساختہ جلاوطنی اختیار کریں گے، انہیں اپنے وطن واپسی کے لیے مفت ہوائی جہاز کا ٹکٹ اور 3 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

محکمے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن اگر CBP Home ایپ کے ذریعے رضاکارانہ واپسی کے لیے رجسٹریشن کراتے ہیں تو انہیں سفری سہولت کے ساتھ نقد رقم فراہم کی جائے گی۔

اس سے قبل یہ رقم ایک ہزار ڈالر تھی، جسے بڑھا کر اب 3 ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد خود کو ڈی پورٹ نہیں کریں گے انہیں گرفتاری، جبری ملک بدری اور مستقبل میں امریکا میں داخلے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کے مطابق، رواں سال جنوری سے اب تک تقریباً 19 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑ چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد نے CBP ہوم پروگرام کے تحت رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔