آپریشن سندور میں بھارت پہلے ہی دن جنگ ہار گیا تھا، کانگریس رہنما پرتھوی راج چوہان کا اعتراف

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما پرتھوی راج چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے پہلے ہی دن جنگ ہار چکا تھا۔

ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 7 مئی کو صرف آدھے گھنٹے کی فضائی لڑائی میں بھارتی فضائیہ کے طیارے مار گرائے گئے جس کے بعد صورتحال بھارت کے مکمل خلاف ہو گئی۔

پرتھوی راج چوہان کے مطابق، ابتدائی جھٹکے کے بعد بھارتی ائیر فورس کے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اگر مزید پروازیں کی گئیں تو پاکستان ائیر فورس کی جانب سے مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران زمینی سطح پر ایک کلومیٹر تک پیش قدمی نہیں کی گئی اور پورا تصادم فضائی جنگ اور میزائل حملوں تک محدود رہا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مستقبل کی جنگیں بھی اسی نوعیت کی ہوں گی۔

سابق وزیراعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں 12 لاکھ فوج رکھنے کی افادیت پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔

پرتھوی راج چوہان نے اپنے بیان پر معافی مانگنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔

ان کے اس بیان کے بعد بھارتی سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل مچ گئی ہے اور متعدد رہنماؤں کی جانب سے ان پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔