پاک بھارت فضائی جھڑپ: برطانوی دفاعی جریدے نے گرائے گئے 4 رافیل طیاروں کے نمبر بے نقاب کر دیے

برطانوی دفاعی جریدے کی ایرو (Key_Aero) کی ایک تحقیقی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی 52 منٹ طویل فضائی جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق۔ ان تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS-001، BS-021، BS-022 اور BS-027 تھے، تاہم بھارت ان طیاروں کے حوالے سے اب تک کوئی واضح یا مستند تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں نہ صرف چار رافیل طیارے بلکہ ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 اور ایک ہیرون ڈرون بھی تباہ ہوا۔

برطانوی جریدے کے مطابق، 10 مئی کو پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 سی بلاک 3 طیارے نے ادھم پور میں نصب بھارتی دفاعی نظام ایس 400 کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا، جبکہ برنالا میں بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی تباہ کیا گیا۔

تحقیقی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستانی سائبر یونٹس نے بھارت کے تقریباً 96 فیصد سوشل نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل نظام کو مفلوج کر دیا، جو کسی بھی فضائیہ کی جانب سے سائبر اور روایتی عسکری کارروائیوں کے یکجا استعمال کی ایک منفرد مثال قرار دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بھی ایک انٹرویو میں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیا تھا۔

جریدے نے اپنی رپورٹ میں یاد دلایا کہ اس سے قبل آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران بھی پاکستانی فضائیہ بھارتی مگ 21 طیارہ مار گرا چکی ہے۔