بھارت کو سفارتی محاذ پر بڑا دھچکا، جدید عالمی ٹیکنالوجی اتحاد پیکس سیلیکا سے باہر

بھارت کو جدید ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کے اہم عالمی اتحاد ’’پیکس سیلیکا‘‘ سے نکال دیا گیا ہے، جس کے بعد مودی حکومت کو اندرونِ ملک اور عالمی سطح پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق، بھارتی اپوزیشن نے ڈیجیٹل اتحاد پیکس سیلیکا سے بھارت کے اخراج پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے مودی حکومت کی عالمی سفارتی ناکامی اور شدید گراوٹ قرار دیا ہے۔

اپوزیشن رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ مئی میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور 10 مئی کے بعد امریکا کی جانب سے پیکس سیلیکا سے بھارت کو نکالا جانا حیران کن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی کمزوریوں کا واضح ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ پیکس سیلیکا اتحاد کا مقصد قابلِ اعتماد اتحادی ممالک کے ساتھ محفوظ اور پائیدار سلیکون، سیمی کنڈکٹر اور جدید ٹیکنالوجی کی سپلائی چین قائم کرنا ہے، تاکہ حساس ٹیکنالوجی میں اعتماد اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔