آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع مشہور بونڈی بیچ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ ایک یہودی تہوار کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں دو مسلح افراد نے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے بونڈی بیچ اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی آپریشن شروع کر دیا اور شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
آسٹریلوی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو دہشتگردی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے کو صدمہ خیز اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی ادارے فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

