یوکرین تنازع عالمی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتا ہے، ٹرمپ کا سخت انتباہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ یوکرین جیسے خطرناک تنازعات تیسری عالمی جنگ کو جنم دے سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کے امکانات بہتر ہوئے تو یوکرین اپنا نمائندہ مذاکرات کے لیے بھیجنے پر آمادہ ہوسکتا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی امن معاہدے کے تصور کو یوکرین کے عوام پسند کرتے ہیں، تاہم یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اس کے حامی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق مجوزہ امن معاہدہ چار یا پانچ اہم حصوں پر مشتمل ہے، جن میں سب سے پیچیدہ معاملہ زمین کی تقسیم کا ہے۔

ادھر یوکرینی صدر زیلنسکی نے انکشاف کیا کہ امریکہ نے ڈونباس میں آزاد اقتصادی زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے، لیکن روس بھی اس خطے پر مکمل کنٹرول چاہتا ہے۔ زیلنسکی کے مطابق یوکرین کسی صورت ڈونباس پر روسی کنٹرول قبول نہیں کرے گا۔