تاجک وزیر دفاع کا دورہ جی ایچ کیو، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی: دورہ پاکستان پر موجود تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دونوں ممالک نے موجودہ عسکری تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا، خاص طور پر تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
تاجک وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی استحکام اور امن کے فروغ میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

