وانا، جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج پر دہشتگردوں کے حملے کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تمام حملہ آور خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پانچ حملہ آوروں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور کامیاب آپریشن کے دوران چار دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کالج کی عمارت کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
سکیورٹی حکام نے تصدیق کی کہ آپریشن کے دوران کیڈٹ کالج کے کسی بھی طالب علم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تمام 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان خوارج نے کیڈٹ کالج کے مرکزی گیٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے کالج کا مرکزی دروازہ منہدم ہوگیا اور قریبی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد افغانستان سے ٹیلیفون پر ہدایات لے رہے تھے اور وہ کالج کے ایک ایسے حصے میں چھپے تھے جو طلبہ کی رہائش گاہوں سے کافی دور واقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، حملے کے دوران فورسز نے انتہائی احتیاط، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کی تاکہ کیڈٹس اور اساتذہ کی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا تھا، جب کہ فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں کئی گھنٹوں تک سنائی دیتی رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج کا مقصد کالج میں موجود بڑی تعداد میں طلبہ کو نشانہ بنانا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان کیا جا سکے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کی تمام کوششیں ناکام بنادیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق، جائے وقوعہ سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور جدید اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کیڈٹ کالج وانا جنوبی وزیرستان کے سب سے بڑے تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے جہاں ملک بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

