نئی دہلی: بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورہِ جرمنی کے دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیرِ دفاع ایک جرمن آبدوز (سب میرین) کا معائنہ کرنے کے لیے اس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جیسے ہی وہ اپنا پاؤں اندرونی سیڑھی پر رکھنے لگتے ہیں، ان کا پاؤں پھسل جاتا ہے۔ اس دوران راج ناتھ سنگھ کا ایک پاؤں آبدوز کی اوپری سطح پر پھنس گیا جبکہ دوسرا حصہ نیچے لٹک گیا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ آبدوز پر موجود جرمن اہلکار فوری طور پر حرکت میں آئے اور بھارتی وزیرِ دفاع کو ہاتھوں سے پکڑ کر بمشکل باہر نکالا۔
ذرائع کے مطابق، اس ‘خوفناک’ تجربے کے بعد راج ناتھ سنگھ اس قدر گھبرا گئے کہ انہوں نے دوبارہ آبدوز کے اندر جانے سے صاف انکار کر دیا اور اسے انتہائی تنگ اور خوفناک جگہ قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔
پاکستانی اور بین الاقوامی صارفین اس واقعے کو بھارتی عسکری قیادت کی ‘جنگی تیاریوں’ اور زمینی حقائق کے درمیان فرق سے جوڑ کر طنز کے تیر چلا رہے ہیں۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ جو وزیر دفاع ایک آبدوز میں داخل نہیں ہو سکتا، وہ سمندری محاذ پر کیا کمانڈ کرے گا؟

