اسلام آباد ‘گلوبل ڈپلومیسی’ کا مرکز: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی پاکستان پہنچ گئے، امریکی وفد بھی آج روانہ ہوگا
اسلام آباد: خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امریکہ و ایران کے درمیان ‘گرینڈ ڈیل’ کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کا دارالحکومت عالمی سفارت کاری کا محور بن گیا ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق، عباس عراقچی اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ صورتحال اور مستقل جنگ بندی کے حوالے سے اہم مشاورت کی جائے گی۔
پاکستان کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ مسقط اور ماسکو کا بھی دورہ کریں گے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان روانگی سے قبل اپنے بیان میں واضح کیا کہ "پڑوسی ممالک ہماری اولین ترجیح ہیں” اور وہ خطے میں تعاون و سفارتی مشاورت کو فروغ دینے کے لیے پرامید ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق، اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب سے رابطے کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب، جرمنی نے بھی اشارہ دیا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو تہران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے۔
پوری دنیا کی نظریں اب اسلام آباد پر جمی ہیں جہاں آنے والے 48 گھنٹے مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

