ای سی سی کا بڑا فیصلہ: وزیراعظم کے 75 ارب روپے کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں وزیراعظم کے 75 ارب روپے کے ‘فیول ریلیف پیکج’ سمیت کئی اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

منظور شدہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 روپے (100 روپے فی لیٹر رعایت کے ساتھ)، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 10 دن میں 1000 روپے کا فیول ریلیف ڈیجیٹل ‘فیول پاس سسٹم’ کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت صرف غیر تجارتی صارفین اور ایک گاڑی کی حد تک محدود ہو گی۔

اس کے علاوہ ای سی سی نے 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے، 2027 کے ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے 3 ارب روپے سے 15 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے، اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی، جبکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق معاملہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا۔