بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں: کمانڈر سمیت 9 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دو مختلف اور کامیاب کارروائیوں کے دوران اہم کمانڈر سمیت کالعدم تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں کی گئی ایک مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔ سیکیورٹی حکام نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ خطے سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

دوسری جانب، ضلع پشین کے علاقے سرانان اور گردونواح میں پولیس، اے ٹی ایف اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق مارے جانے والے عناصر فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کر کے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔