لبنان کے وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: لبنان کے وزیرِ داخلہ احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آنے والے لبنانی وزیر داخلہ کی آرمی چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تلاش کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔