ایپل کا 9 ستمبر کو ’سرپرائز اینڈ شائن‘ ایونٹ کا اعلان؛ آئی فون 18 اور پہلا فولڈ ایبل فون متعارف کرائے جانے کا امکان

کیوپرٹینو: معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 9 ستمبر کو ریاست کیلیفورنیا میں واقع اپنے ہیڈکوارٹرز (ایپل پارک) میں اپنا سالانہ گرینڈ لانچ ایونٹ منعقد کرے گی۔ میڈیا کو بھیجے گئے دعوت ناموں میں "سرپرائز اینڈ شائن” کا جملہ اور چمکتا ہوا لوگو نمایاں ہے، جبکہ تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگی۔

مختلف ذرائع اور لیکس کے مطابق اس ایونٹ میں ایپل آئی فون 18 اور 18 پرو میکس کے ساتھ اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ‘آئی فون الٹرا’ متعارف کرائے گا، جس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ چپس اور ریم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس بار آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں ممکنہ طور پر 100 ڈالرز کا اضافہ دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,199 ڈالرز ہو سکتی ہے۔

اس ایونٹ میں نئے آئی فونز کے علاوہ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی اور جدید ’سری اے آئی‘ (Siri AI) بھی پیش کیے جائیں گے۔ یہ ایپل کی تاریخ کا پہلا بڑا لانچ ایونٹ ہوگا جس میں جان ٹرنَس بطور چیف ایگزیکٹو (CEO) کمپنی کی قیادت کریں گے، کیونکہ موجودہ سی ای او ٹم کک یکم ستمبر کو عہدے سے سبکدوش ہو کر ایگزیکٹو چیئرمین کا منصب سنبھال رہے ہیں۔