پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات: خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی فنڈز روک دیے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا حکومت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی فنڈز روک دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان تعلقات گزشتہ کچھ عرصے سے انتہائی کشیدہ ہیں، حتیٰ کہ علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ کا فون نمبر بھی بلاک کر رکھا ہے۔

قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے فنڈز روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی آخری 43 ارب روپے کی ریلیز میں سے ڈی آئی خان کو صرف 8 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

فیصل امین گنڈاپور نے مزید انکشاف کیا کہ ڈی آئی خان میں 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد کے کام مکمل ہونے کے باوجود مالی سال 27-2026 کے لیے ان جاری ترقیاتی منصوبوں اور اے ایس ڈی آئی منصوبے کا بجٹ صفر کر دیا گیا ہے، جس سے علاقے میں تمام احکامات اور ترقیاتی کام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔