وفاقی حکومت نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے صوبوں سے 23 ہزار سے زائد پولیس اہلکار مانگ لیے

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور امن و امان کی صورتِ حال کو برقرار رکھنے کے لیے صوبوں سے مدد مانگ لی ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو باضابطہ مراسلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کی تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار اور بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے تینوں صوبائی حکومتوں کو پابند کیا ہے کہ وہ مطلوبہ پولیس اہلکاروں کو 20 ستمبر 2026 تک ہر صورت اسلام آباد میں تعینات کریں۔