وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے گفتگو، حوثی حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق انتہائی گرم جوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والے اس رابطے میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے حملے علاقائی امن، سلامتی اور عالمی توانائی کی فراہمی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس موقع پر پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے بحران کے حل کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور جلد ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔