وزیراعظم کا موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے اعلان کے مطابق دو اور تین پہیوں والی سواریوں (موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی) کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے (ماہانہ 2 ہزار روپے) رعایت دی جائے گی، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر (ماہانہ 3 ہزار روپے) کا ریلیف ملے گا۔ اس اسکیم کا اطلاق اسلام آباد میں پیر اور منگل کی درمیانی شب سے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہو گا۔

دوسری جانب وزارتِ آئی ٹی نے اسکیم میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی جاری کر دیا ہے۔ شہری رجسٹریشن کے لیے "REG” لکھ کر اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ 9771 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں، جس کے بعد "TOK” لکھ کر 9771 پر میسج بھیجنے پر فیول ٹوکن موصول ہو گا جسے دکھا کر پمپ سے رعایتی پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔